ملالہ یوسفزئی کا نیا بیان سامنے آگیا

5 Jun, 2021 | 01:15 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) نوبیل امن انعام یافتہ سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی کا شادی  کے بعدا ب لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے بیان آگیا،ملالہ نے کورونا وائرس سے صنف نازک کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

میل آن لائن کے مطابق  ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ ” کورونا وائرس کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کی کم از کم 2 کروڑ لڑکیاں دوبارہ سکول نہیں جا سکیں گی، ان لڑکیوں کو خاندانوں کے مالی حالات خراب ہونے پر سکول سے اٹھا لیا جائے گا تاکہ وہ کام کاج کریںا ور اس وبا کے باعث مالی حالات دگرگوں ہونے پر خاندان کا ہاتھ بٹائیں۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ لڑکیاں اب وبا کی وجہ سے گھروں میں ہیں اور پہلے سے زیادہ گھریلو کام کر رہی ہیں، حالات خراب ہونے پر انہیں اپنے خاندانوں کی طرف سے مالی معاونت کرنے کا کہا جا رہا ہے، ان لڑکیوں کو قبل از وقت کمانے کی طرف راغب کیا جا رہا ہے اور ان میں سے بیشتر سکول کھلنے پر واپس سکول نہیں جا سکیں گی، مغربی افریقہ میں جب ایبولا کی وبا پھیلی تھی، اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ تب بھی لڑکیوں کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہوا تھا۔

ملالہ یوسف زئی نے مزید کہاکہ میں اپنی وادی سوات کو بہت یاد کرتی ہوں، میں ان سرسبز و شاداب پہاڑ وں اور دریاﺅں کو دوبارہ دیکھنا چاہتی ہوں، یہ وہ چیزیں تھیں کہ پاکستان میں ہوتے ہوئے جن کی اہمیت کا مجھے اندازہ نہیں تھا، آج وہی چیزیں مجھے سب سے زیادہ یاد آتی ہیں۔

واضح رہےکہ کچھ روز قبل ملالہ یوسفزئی کے برطانوی فیشن میگزین 'ووگ' کو انٹرویو کے دوران شادی سے متعلق دیئے گئے بیان پر تنقید کی جارہی ہے اور پاکستان میں یہ معاملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

دوران انٹرویو ملالہ نے کہا تھا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی۔ملالہ کے شادی سے متعلق بیان پر تنازع کھڑا ہوگیا، اب شوبز کی اہم شخصیات کی جانب سے بھی ملالہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

 

 

مزیدخبریں