(مانیٹرنگ ڈیسک) آزادکشمیر کے عام انتخابات سے قبل (ن) لیگ کو بڑا دھچکا لگ گیا، (ن) لیگی رہنما راجہ امتیاز طاہر ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) میں شامل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر پنجاب کےسینئر نائب صدر و رابطہ آفیسرآل پارٹیز حریت کانفرنس راجہ امتیاز طاہر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کی اور (ن) لیگ کی رکنیت سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
راجہ امتیاز طاہر نے سردار تنویر الیاس خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، سردار امتیاز نے تحریک انصاف کے منشور اور وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہےکہ آزادکشمیر کے عام انتخابات 12جولائی کو ہوں گے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر (این سی او سی) نے آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات آئندہ دو ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی سفارش کردی ہے۔این سی او سی نے لکھا ہے کہ جولائی میں انتخابات کا انعقاد کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا ہےکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کی وجہ سے انتخابات ملتوی کرانے سے متعلق مراسلہ واپس لے۔