(جنید ریاض)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نےلاہور کے 45 ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی سکول کا درجہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ سکولوں میں تحصیل سٹی کے17،تحصیل کینٹ کے2 ،ماڈل ٹاون تحصیل کے12 ،تحصیل رائیونڈ کے8اور تحصیل شالیمار ٹاون کے 6 سکول شامل ہیں،ان سکولوں میں موجود سینئر ٹیچر بطور ہیڈ ماسٹر فرائض سرانجام دے گا،سکولوں کو نوٹی فکیشن کی تاریخ سے ہائی کا درجہ دے دیا گیا ہے،ہائی سکول کا درجہ پانے والے سکولوں میں مومن پورہ،ایوان دہائی والا،واہگہ،ستو کتلہ،ہربنس پورہ، سادھوکی،سرائچ،گوالہ کالونی،جیون ہانہ،گھوڑے شاہ،مراکہ ویلیج، وارث کالونی اور کریم پارک سمیت دیگرشامل ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن پرویز اخترخان کاکہنا ہے کہ مذکورہ سکولوں کو ہائی کا درجہ دینے سےعلاقےکے طلباوطالبات مستفیدہوسکیں گے۔گزشتہ دنوں انہوں نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں20 فیصد کمی کامعاملہ پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کورونا کی وجہ سےجب تک سکول بند ہیں فیسوں پر بیس فیصد رعایت رہےگی۔
،آرڈننیس کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی وباکےدوران فیسوں کے حوالے سے ہدایات دینےکی مجازہے،ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کےمطابق والدین سکولوں سےبیس فیصد کمی والے وواچرلیں، والدین فیسوں کے حوالےسےشکایت کی صورت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سےرابطہ کریں گے۔
گزشتہ ماہ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے فیسوں میں 20 فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت کورونا وائرس کی وجہ سے فیس میں 20 فیصد کمی نہ کرنے والے سکولز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے مئی اور جون کے مہینے کیلئے فیس میں 20 فیصد کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ14 مارچ کو پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 24 مارچ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا ، تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے اور امتحانات ملتوی کردیئے گئے تھے۔