سٹی 42: جس دور میں مارا ماری ہو،لوگوں کی بھوک ان کو آداب زندگی بھلا دے ایسے میں کسی کو کچھ مفت مل جائے تو اس کے کیا کہنے ۔یہ چیز اگر بغیر آرڈر کیے مل جائے اور وہ بھی کئی سالوں تک مسلسل ملتی رہے تو اس بندے کو شکر گزار ہونا چاہئے لیکن ایک شخص ایسا ہے جس کو اس آرڈر نے پریشان کردیا ہے اس کے دن کا چین ،رات کی نیندیں برباد کرکے رکھ دی ہیں۔
بیلجیم میں ایک 65سالہ آدمی کو 10سال سے کوئی آدمی مسلسل پیزا بھیجے جا رہا ہے جس پر اس کی راتوں کی نیند اڑ چکی ہیں، وین لینڈرگھم نامی یہ شخص ٹرن ہاﺅٹ کے علاقے میں رہتا ہے جہاں 10سال سے روزانہ پیزا ڈلیوری مین اس کے گھر آتا ہے۔ اکثر تو ایسا ہوتا ہے کہ ایک دن میں کئی کئی بار ڈلیوری مین آتے ہیں اور اسے پیزا دینے کی کوشش کرتے ہیں جو اس نے آرڈر ہی نہیں کیا ہوتا۔
غیر ملکی اخبار کو وین لینڈرگھم نے بتایا کہ یہ حرکت صرف میرے ساتھ ہی نہیں میری ایک دوست کے ساتھ بھی اتنے ہی عرصے سے ہو رہی ہے۔ وہ میرے گھر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر رہتی ہے۔ جس روز ہم میں سے ایک کے گھر پیزا ڈلیوری والا آئے، اسی روز دوسرے کے گھر بھی جاتا ہے۔ ہم اکثر ایک دوسرے کو بتاتے ہیں کہ آج میرے گھر پیزے والا آیا تھا، چنانچہ دوسرا تیار رہے۔ ہم نے کئی بار پولیس کو رپورٹ کیا ہے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ ہم نے کبھی بھی پیزا وصول نہیں کیا۔ ہم نہیں جانتے کہ یہ کون شخص ہے جو اتنے سالوں سے ہمیں ہراساں کر رہا ہے لیکن وہ جو کوئی بھی ہے، جس دن پکڑا گیا وہ دن اس کی زندگی کا سب سے برا دن ہو گا۔