کورونا کی تشخیص کیلئے اینٹی باڈیز ٹیسٹ پر پابندی عائد

5 Jun, 2020 | 11:11 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ (زاہد چودھری) کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کا وائرس کی تشخیص کے حوالے سے اہم فیصلہ، اینٹی باڈیز ٹیسٹ پر پابندی عائد کر دی ، کورونا کی تشخیص کیلئے صرف پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے  مختلف قسم کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں،  ان ٹیسٹوں کا طریقہ ایک دوسرے سے مختلف ہے، پاکستان میں کورونا کی تشخیص کیلئے  دو ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، ایک اینٹی باڈیز ٹیسٹ اور دوسرا پی سی آر ٹیسٹ۔  کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری نے کورونا کی تشخیص کیلئے اینٹی باڈیز ٹیسٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔

اینٹی باڈیز ٹیسٹ کرنے والی تمام پرائیویٹ لیبارٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا کی تشخیص کیلئے یہ ٹیسٹ ہرگز نہ کیا جائے، کورونا کے کنفرم مریضوں کا پلازمہ عطیہ کرنے کیلئے یہ ٹیسٹ کمیشن کے مروجہ معیار کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن فیصلے پر عملدرآمد کیلئے متحرک ہوگیا، پرائیویٹ لیبارٹریز کو اینٹی باڈیز ٹیسٹ کرنے سے روک دیا گیا، ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے فیصلے کے مطابق کورونا کے کنفرم مریضوں کو پلازمہ عطیہ کرنے کیلئے اینٹی باڈیز ٹیسٹ کروایا جاسکے گا۔

پی سی آر ٹیسٹ کیا ہے؟

اس ٹیسٹ کو کرنے کے لیے مشتبہ متاثرہ شخص کے منہ یا ناک کے ذریعے نمونہ لیا جاتا ہے، پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے یہ دیکھا جاتا ہے کہ کسی بھی شخص میں وائرس موجود ہے یا نہیں۔

اینٹی باڈیز ٹیسٹ کیا ہے؟

اس ٹیسٹ کو کرنے کے لیے کسی بھی فرد کے خون کا نمونہ لیا جاتا ہےا ینٹی باڈی ٹیسٹ ان لوگوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جن میں علامات ظاہر نہ ہوں یا پھر وہ لوگ جن میں وائرس رہ کر ختم ہو چکا ہو اور وہ صحت مند ہو چکے ہوں، یہ ٹیسٹ کورونا کے لیے ہی نہیں بلکہ دیگر بیماریوں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے جیسا کہ ہیپاٹائٹس وغیرہ۔

پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 89 ہزار سے تجاوز کرگئی

 لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا،  کورونا وائرس سے ڈاکٹر ، نرسز، پولیس اہلکار ، بچے بڑے سب متاثر ہورہے ہیں، کورونا وائرس سے اب تک  ملک بھر میں  1838 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریکارڈ 4869 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کوروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 89 ہزار 249 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں کورونا سے مزید 37 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 1615 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے، صوبے بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 607 ہوگئی ہے اور کیسز 31104 تک پہنچ گئے ہیں، 82 روز کے دوران لاہور میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15234 اور 226 اموات ہوچکی ہیں۔

مزیدخبریں