مال روڈ (عثمان علیم) ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی مارکیٹوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں، ہال روڈ ، ٹاؤن شپ اور شالامار میں دوران کارروائی مجموعی طور پر 63 دکانیں سیل کر دی گئیں، آج سے بھرپورکریک ڈاؤن کااعلامیہ جاری کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے شہر کی مختلف مارکیٹوں کے دورے کیے، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا نے ٹاؤن شپ مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں 24 دکانوں کو سیل کیا گیا، ایم ایم عالم حنیف جیولرز اور اللہ ہو چوک میں آئس لینڈ کو سیل کر دیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے ہال روڈ کا اچانک دورہ کیا جہاں حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 35 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے شالامار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئی 4 دکانیں سیل کیں۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ آج سے بڑی مارکیٹ کے اچانک دورے کیے جائیں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید وسیع پیمانے پر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد نہ کرنیوالی مارکیٹیں کو بند کرنے کے حوالے سے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز سے ایس اوپیز پرعملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ مل کر کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنوائیں۔ ذرائع کے مطابق ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالی مارکیٹس کو دوبارہ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 12 اموات کے علاوہ 724 کیسز سامنے آگئے، شہرمیں مصدقہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار 234 ہوگئی، تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا، ہسپتالوں میں داخل 55 مریض وینٹی لیٹر پر منتقل، 82 روز کے دوران 226افراد موت کےمنہ میں چلے گئے ۔