ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے ایک چیلنج ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

5 Jun, 2020 | 08:17 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر ) آج پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ماحولیات کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن ہرسال 5جون کو اقوام متحدہ کےزیر اہتمام 1974 سے منایا جارہا ہے۔اس دن کے موقع پر دنیا بھر کے مختلف سرکاری،غیرسرکاری اورنجی اداروں کی طرف سے مختلف سیمینارز اورتقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا پر اس دن کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشرکیے جارہے ہیں۔

اس دن کو منانے کا مقصد عوام میں ماحول کی بہتری اور آلودگی کے خاتمے سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔ماہرین کے مطابق پوری دنیا کو اس وقت ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور اس میں روز بروز خطرناک حد تک ا ضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے لوگوں میں مہلک وبائی امراض پیدا ہو رہے ہیں، ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پرقابو پانے کےلئے متعدد ماحولیاتی تنظیمیں برسرپیکار ہیں ۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ یہاں کے جنگلات کی مسلسل کٹائی بھی ہے، پاکستان میں پھل دار جنگلات کی تعداد میں اضافہ کر کے نہ صرف ماحولیاتی مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ درختوں سے حاصل شدہ پھلوں کی فروخت کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کا حصول بھی ممکن ہے، پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ماحولیاتی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے، ہم نے اپنی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا، ماحولیاتی آلودگی کے باعث انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا، سرسبز و شاداب اور گھنے درخت خوبصورتی کا ایسا روپ ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں، آج کے دن ہمیں نئی نسلوں کیلئے صاف ستھرا،سر سبز و شاداب اور قدرتی ماحول یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

مزیدخبریں