راؤدلشادحسین:ماہ صیام کا تیسرا عشرہ شروع، رمضان بازاروں میں فیئر پرائس شاپس پرغیر معیاری پھلوں اور سبزیوں کی فروخت کا سلسلہ نہ تھم سکا، میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید ناقص فروٹ دیکھ کر سیخ پا ہوگئے اور کیلے اٹھا کر اہلکاروں کو دے مارے۔
لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کی جانب سے اہلکاروں پر کیلے برسانے کے یہ مناظر مختلف رمضان بازاروں کے ہیں جہاں میئر لاہور نے اچانک دورہ کیا۔ کروڑوں کی سبسڈی کےنتیجے میں لگائی گئی فیئر پرائس شاپس پر ناقص پھلوں کی فروخت دیکھ کر میئرلاہور گلبرگ زون انتظامیہ اور اہلکاروں پر خوب برسے جبکہ اہلکاروں کو کیلے ہھی دے مارے۔
اس خبر کو لازمی پڑھیں:میئر لاہور کے رمضان بازاروں کیلئے اہم اقدامات، چار رکنی کمیٹی تشکیل
میئرلاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے کروڑوں روپے کی سبسڈی دی لیکن اگرعوام تک اسکے ثمرات نہ پہنچیں تو کیا فائدہ، ماہ صیام میں بھی بددیانتی کاسلسلہ جاری ہے۔ لہٰذا ڈپٹی کمشنر کو درخواست کی ہے کہ مارکیٹ کمیٹی معیاری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائے۔لارڈمیئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے گارڈن ٹاؤن برکت مارکیٹ، غالب مارکیٹ اور مکہ کالونی گلبرگ کے رمضان بازاروں کا دورہ کیاجہاں اہلکاروں کو کیلے پڑے وہیں مکہ کالونی بازار میں چینی کے سٹالز پر انچارج کی عدم موجودگی پر معطل بھی کر دیا۔