ثمرہ فاطمہ: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں نے مہنگائی،بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کرتے ہوئے لاہور پریس کلب کے باہر شملہ پہاڑی والی شاہراہ پر ٹریفک بلاک کر دیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں نے مہنگائی میں کمی نہ کرنےپردھرنادینےکااعلان کردیا۔
مظاہرین کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں کتبے، پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے۔ انہوں نے حکومت کےخلاف نعرے بازی کی ۔سیکرٹری اطلاعات پی ایم ایم ایل تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مہنگائی حکومت کی نا اہلی کے سبب ہو رہی ہے۔ حکومت نے اپنی عیاشیوں کو کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال رکھا ہے ۔
کارکنوں نے کہا کہ ہم احتجاج میں آخری حد تک جائیں گے، اگر حکمران باز نہیں آئیں گے تو مرکزی مسلم لیگ آئندہ کا لائحہ عمل دے گی۔
مظاہرین کا کہنا تھا تین سو یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے والی حکومت دو سو یونٹ پر بھی عوام کا خون چوس رہی ہے۔ حکومت کو وعدہ شکنی نہیں کرنے دیں گے ۔
احتجاج کی قیادت کرنے والے ایک رہنما نے کہا کہ حکمرانوں نے الیکشن کیمپین کے دوران لالی پاپ دیا تھا کہ وہ 300 یونٹ تک بجلی مفت دے گی، اب وہی حکومت ٹیکسوں اور بلوں میں اضافہ کئے جا رہی ہے۔ غریب کے لئے جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ غریب کو ختم کرنے پر نہیں بلکہ غربت مکاؤ مہم پر کام کرے۔ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو وہ آئندہ کا لاٗحہ عمل طے کریں گے اور احتجاج کو دھرنے میں تبدیل کر دیں گے۔
انہوں نے کہا، ہم احتجاج کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے لیکن ہم عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔ پٹرول بم کی زیادتی اور بجلی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ کے خالف ہم میدان میں آ گئے ہیں۔