سٹی42: جنرل ہیڈکوارٹرز میں جمعہ کے روز ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان آرمی کی ٹاپ براس نے ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا اور " عزمِ استحکام " کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل کے ساتھ برین سٹارمنگ کی۔ " عزمِ استحکام" کا مقصد دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کو ہم آہنگ طریقے سے استعمال کرنا اور ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے فروغ کے لیے دہشت گردی اور غیر قانونی سپیکٹرم (گٹھ جوڑ)کا خاتمہ کرنا ہے۔ کور کمانڈرز نے تشویش کے ساتھ نوٹ کیا کہ کچھ حلقوں کی جانب سے بلاجواز تنقید اور صرف اپنے ذاتی مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے عزم استحکام کے وژن کے متعلق جان بوجھ کر غلط بیانی کی جا رہی ہے۔
جمعہ کے روز ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کی ۔ کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
فورم نے علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص افغانستان پر بھی غور کیا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔
فورم نے اس بات کی توثیق کی کہ عسکری قیادت چیلنجز کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور اس نے پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے کا عزم کیا۔
فورم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی محرکات کے زیر اثر سازشیوں کے ذریعے شروع کیے گئے ڈیجیٹل دہشت گردی کے حملے، جو ریاستی اداروں کے مخالف غیر ملکی گروہوں کی پشت پناہی اور حوصلہ افزائی کے ساتھ کئے جا رہے ہیں، ان کا مقصد قوم میں مایوسی پھیلانا اور صریح جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے تفرقہ پھیلانا ہے۔ تاہم مسلح افواج اور پاکستانی قوم ایسی تمام سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔
فورم نے سماجی و اقتصادی گروتھ کو بڑھانے کے لئے جاری کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد، معاشی استحکام اور ترقی کو متاثر کرنے والی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں حکومت کی بھرپور مدد کرنے کا اعادہ کیا۔
قومی سلامتی کے لیے فوج کے عزم پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، چیف آف آرمی سٹاف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
کانفرنس کے اختتام پر، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریمارکس دیے کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے اور پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ پوری طرح تیار رہی ہے، چاہے کوئی بھی چیلنجز درپیش ہوں۔
سورس؛ آئی ایس پی آر