ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی لسٹ طلب کرلی ہے، ہر ہاؤسنگ سکیم کا جائزہ لے کر ریگولر کرنے یا نہ کرنے فیصلہ کیا جائے گا ۔
وزیر اعلی مریم نواز ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئیں۔ جہاں وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ شہر کی مختلف اہم سڑکوں کو کمرشلائز کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ ایم ایم عالم روڈ کی ری ماڈلنگ اور بیوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی، لبرٹی،مین مارکیٹ، منی مارکیٹ، حالی روڈ کے علاقے میں ٹرام چلائی جائے گی۔
اجلاس میں گلبرگ اور مضافاتی علاقوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا فیصلہ کیاگیا۔ یکساں روڈ اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی ، کریم بلاک تا موٹر وے سگنل فری کوریڈور پلان کی منظوری دی گئی،کریم بلاک تا موٹر وے چھ رویہ روڈ پر دو انڈر پاس بنیں گے۔ لاہور کے مختلف سڑکوں کی کمرشلائزیشن کی منظوری دی گئی۔ مریم نواز نے مینار پاکستان اور چائنا سکیم کے سپورٹس کمپلیکس کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ ایل ڈی اے کے لئے 46 ارب روپے ریونیو جنریشن کا ہدف مقرر کیاگیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے محکمے کی ورکنگ پراجیکٹس اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے رواں مالی سال میں گزشتہ سال کی نسبت کئی گنا زائد ریونیو اکٹھا کرے گا۔ شہریوں کو رہائشی نقشوں کی منظوری کے لیے آن لائن سروس شروع کی جا رہی ہے۔ ریکارڈ کی جانچ پڑتال (سفٹنگ) کے نتیجے میں اربوں روپے مالیت کے سرکاری پلاٹ واگزار کرائے گئے ہیں۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے حکام کو ریکارڈ کی سفٹنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، کہاکہ ایل ڈی اے سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلوبل ویلج کا بھی دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں ۔
سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی برائے سیاسی امورذیشان ملک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری اوردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔