طیب سیف : پی ٹی آئی کے ہونے والے کل کے جلسے کے متعلق رؤف حسن اور شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ کل ہمارا ترنول میں جلسہ ہونے جارہا ہے،کل کے جلسے کو بھرپور کامیاب کرنا ہے ۔
رؤف حسن اور شعیب شاہین کی جانب سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی گئی۔ رؤف حسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رضوان احمد صبح سے لاپتہ ہوگئے ہیں، اب ہمیں پتہ چلا ہے کہ وہ ایف آئی اے کے پاس ہے۔ ریاستی فسطائیت کا مقابلہ کررہے ہیں، پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں اس قسم کا جبر نہیں دیکھا ۔ رضوان کو بازیاب کرانے کیلئے عدالت سے رجوع کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل ہمارا ترنول میں جلسہ ہونے جارہا ہے ، بہت کوشش کے بعد کل ہمیں این او سی ملی، پریس کانفرنس کے بعد جلسہ گاہ کا دورہ کریں گے ۔ رؤف حسن نے بتایا کہ بانی چیئرمین نے آج جیل میں میڈیا سے بات کی ہے۔ ججز سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی ، کچھ دن قبل پریس کانفرنس میں فائز عیسیٰ کے حوالے سے 13 وجوہات پیش کیں، ان 13 وجوہات کے بنا پر ان کو بینچ کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔ بانی چیئرمین نے کہہ دیا ہے کہ فائز عیسیٰ کیسے میرے مقدمات میں آجاتے ہیں، ہمارے کیسز کسی اور کو سننے چاہیے، فائز عیسی استعفی نہیں دیتے تو خود کو ہمارے کیسز سے الگ کرلیں ۔
شعیب شاہین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی کٹھ پتلی حکومت ہم پر مسلط ہوئی ہے، اکتوبر کے بعد چیف جسٹس تاریخ کا حصہ ہوں گے ، تاریخ آپ کو کن الفاظ میں یاد رکھے گی یہ آپ دیکھ لیں گے۔ آپ کے خلاف ریفرنس آیا ، اس فیصلے کو ججمنٹ سمجھے، آپ عمران خان کے خلاف تعصب رکھتے ہیں، آپ نےپیپرز کو بغیر دیکھے، بغیر چیک کئے فیصلے کئے۔ ہمارے 4 ہزار 7 سو لوگوں کے خلاف تھری ایم پی او کئے، وقت نے ثابت کردیا جو درست تھا ۔ چیف جسٹس نے ہم سے بلے کا نشان چھینا وہ پوری دنیا نے دیکھا۔ کل جسٹس بابر ستار کے سامنے انہوں نے کہا جلسہ کی اجازت دیتے ہیں۔ 26 تاریخ سے لے کر کل تک 20 بار موجودہ ڈی سی سے رابطہ کیا، ہمارے پاس تیاری کا آج ایک دن تھا۔ کل ڈی سی کی دفتر سے عامر مغل کو گرفتار کیا گیا، ان کی گرفتاری کنٹمپٹ آف کورٹ ہے ۔ تین سے چار مہینوں سے جلسے کی اجازت لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ بانی چیئرمین نے کہہ دیا وقت کے یزید کی غلامی سے موت بہتر ہے۔ کل کے جلسے کو بھرپور کامیاب کرنا ہے ۔