سٹی42: پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے گرد گھیرا تنگ ، قتل کے مقدمہ میں مطلوب ایک اور اشتہاری کو مسقط سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری مجرم عمران علی 2017ء سے ضلع اٹک کی پولیس کو مطلوب تھا، ملزم نے تھانہ حسن ابدال کی حدود میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا ، مسلسل فالو اپ جاری رکھا اور پھر عمان پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے پنجاب پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ پنجاب پولیس کی ٹیم نے ائر پورٹ سے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 49 ہو گئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے خطرناک اشتہاری کی مسقط سے گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی اور اے کیٹیگری کے دیگر خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایتجاری کردی۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ تعاون سے مزید اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے واپس پاکستان لایا جائے۔