لیسکو نے موت کے فرشتے سوامی نگر میں گھروں کی دیواروں پر بٹھا دیئے

5 Jul, 2024 | 02:48 AM

افشاں رضوان:  یوں تو  آدھے لاہور میں لیسکو  کی بجلی کی ٹرانسمشن لائنیں  عوام کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈالنے کا سبب بن رہی ہیں لیکن  بی بی پاکدامن کے قریب کچی آبادی سوامی نگر میں تو لیسکو کے اہلکار باقاعدہ عوام دشمنی پر اتر آئے۔ یہاں گلیوں میں بجلی کی ننگی تاریں موت کے پھندے بن کر لٹک رہی ہیں جن سے  بچنا شہریوں کے لئے روز بروز دشوار تر ہوتا جا رہا ہے۔

لیسکو کے کام چور اہلکاروں کی نااہلی کے باعث کچی آبادی سوامی نگر کے باسیوں  پر ہر وقت بجلی کا کرنٹ لگنے کا خطرہ منڈلاتا رہتا ہے۔
گھروں کے باہر موجود تاروں کے گچھے کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتے ہیں۔


علاقہ کے غریب مکین بتاتے ہیں کہ ان کی گلیوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام بے ہودگی کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔  معمولی آندھی اور بارش کے باعث بجلی بند ہونا معمول ہے۔ 


بجلی کے بے ہنگم تاروں کے باعث ہر وقت حادثے کا خطرہ رہتا ہے۔ لیسکو حکام سے اپیلیں کر کر کے تھک گئے کہ بوسیدہ اورننگی تاروں سے ہماری جان و مال کو محفوظ بنایا جائے۔


علاقہ مکینوں نے لیسکو کے چیف ایگزیکٹو سے اس صورتحال کا خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے ماتحت انجینئیرز کو بھیج کر بجلی کی ناقص ٹرانسمشن سسٹم کو ایک ہی بار درست کروائیں تاکہ سوامی نگر کے شہری ہروقت طاری حادثہ کے خوف سے آزاد ہو کر نارمل زندگی گزار سکیں۔ 

مزیدخبریں