کنزیومر کورٹ نے "بلیک بیری کچن" آؤٹ لیٹ بند کرنے کا حکم دے دیا

5 Jul, 2024 | 01:03 AM

شاہین عتیق: لاہور کی کنزیومر کورٹ نے عدالت کی ڈگری پر عملدرآمد نہ کرنے پر  "بلیک بیری کچن"  کالج روڈ  کو تالا لگا کر سربمہر  (سِیل) کرنے کا حکم دے دیا۔
صارف عدالت کے جج محمد علی نے اس دوکان  سے ایک کنزیومر کو ناقص  گروسری دیئے جانے پر 8 لاکھ  22 ہزار روپیہ زر تلافی ادا کرنے کی  ڈگری جاری کی تھی۔ ڈی ایچ اے  میں مقیم  کنزیومر  انیلہ ظہیر نے کنزیومر کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ کالج روڈ پر واقع "بلیک بیری کچن"  سے انہوں نے جو سامان لیا وہ ناقص نکلا۔

ناقص سامان دینے  کے دعویٰ کی سماعت کے بعد عدالت نے بلیک بیری کچن کے مالک پر ڈگری جاری کی تھی جس کے خلاف  اس آؤٹ لیٹ کا مالک ہائی کورٹ میں چلا گیا لیکن وہاں اس کی اپیل مسترد ہو گئی۔ اس کے بعد کنزیومر انیلہ ظہیر نے اجرا کی درخواست دائر کی جس کی سماعت کرتے ہوئے جمعرات کے روز کنزیومر کورٹ نے اپنی ڈگری پر عملدرآمد نہ کرنے پر دکان  کو سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ  15روز میں اس حکم پر عمل  درآمد کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
صارف عدالت نے کنزیومر انیلہ ظہیر کے  دعوے پر مزید سماعت 19جولائی تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں