روس میں خاتون صحافی پر شدید تشدد کے بعد ان کی انگلیاں توڑ دیں

5 Jul, 2023 | 08:33 PM

ویب ڈیسک :چیچنیا میں خاتون روسی صحافی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے سر کے بال بھی کاٹ دیے گئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی عالمی شہرت یافتہ خاتون صحافی کا ساتھ یہ بدترین واقعہ چیچنیا میں اس وقت پیش آیا جب وہ قفقاز میں واقع ایک عدالت میں مقدمے کے فیصلے کی کوریج کرنے کے لیے وہاں گئی تھیں۔میڈیا رپورٹس اور روس میں انسانی حقوق کی این جی او میوریال کے مطابق روسی خاتون صحافی جو انسانی حقوق کی بھی علمبردار ہیں، کے جسم پر تشدد کے باعث بے پناہ زخم آئے ہیں اور چوٹیں لگی ہیں۔

 اسپتال میں داخل ہونے کے بعد جاری کی گئی تصویر میں وہ  اپنے بازوؤں پر پٹیاں باندھے ہسپتال کے بستر پردکھائی دے رہی ہیں۔اسی بارے میں مزید بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے خاتون صحافی کے چہرے پر سبز مادے کا چھڑکاؤ بھی کیا تھا جس کی وجہ سے ان کا چہرہ سوجا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔روسی این جی او میوریال کے مطابق ایلینا ملاشینا گاڑی میں وکیل الیگزینڈر نیموف کے ساتھ تھیں، ان دونوں کو ائیرپورٹ اور چیچن کے دارالحکومت گروزنی کے درمیان سڑک پر مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ خاتون صحافی اور ان کے ساتھ موجود وکیل کو نہ صرف بھیانک تشدد کا نشانہ بنایا گیا، چہرے پہ لاتیں ماری گئیں بلکہ سر پہ بندوق رکھ کر جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون صحافی ایلینا ملاشینا کی جانب سے چیچنیا میں ماورائے عدالت سزاؤں اور قتل کے واقعات کی رپورٹنگ پر حکام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔واضح رہے کہ فروری 2022 میں خاتون صحافی کو کچھ عرصے کے لیے روس چھوڑنے پر بھی مجبور ہونا پڑا تھا۔میڈیا رپورٹ کے تحت چیچن رہ نما رمضان قدیروف کی جانب سے ایلینا ملاشینا کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔

مزیدخبریں