ویب ڈیسک:ایف آئی اے نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 8 پاکستانیوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 5 کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اےکے میرپور خاص کرائم سرکل نے مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے اسرائیل پہنچ کر وہاں ملازمت کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان گرفتاریوں کے ضمن میں 8 ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کئے گئے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ میرپور خاص کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے یہ افراد تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے، ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، انہوں نے کسی اسرائیلی ایجنٹ کے ذریع اسرائیل میں انٹری حاصل کی تھی اور ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کئےتھے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور شامل ہیں جب کہ ان کا تعلق میرپورخاص سے ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان یورپی ویزے پر جارڈن ائیرپورٹ سے اسرائیل میں داخل ہوتے تھے، ملزمان ویسٹرن یونین سے پاکستان میں اہل خانہ کو پیسے بھیجتے رہے، ملزمان ترکیہ، کینیا اور سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ائیرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے، ملزمان وطن واپسی کے لیےدبئی کے راستے جارڈن ائیرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔