ویب ڈیسک: امریکہ کے صدر کی سرکاری اقامت گاہ وائٹ ہاؤس میں کوکین ملنے کے بعد امریکی خفیہ سروس تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ ممنوعہ مواد وائٹ ہاوس میں کیسے پہنچا۔ سیکرٹ سروس کو مشتبہ مواد کا پیکٹ ملنے کی خبر لیک ہوتے ہی امریکہ اور دنیا بھر میں ٹیبلائیڈز کی افواہوں نے ہلچل مچا دی۔
وائٹ ہاوس کےویسٹ ونگ میں کوکین کا چھوٹا سا پیکٹ دریافت ہونے کے فوراً بعد سیکرٹ ایجنسی کے اہلکاروں نے تمام عملہ کو وائٹ ہاوس کے اس حصہ سے نکال دیا تھا۔
ویسٹ ونگ وائٹ ہاؤس کا ایک بڑا، کثیر سطحی حصہ ہے جس میں امریکہ کے صدر کے دفاتر ، اوول آفس اور اور سیچویشن روم شامل ہیں۔ اس حصہ میں نائب صدر، وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف، پریس سیکریٹری، اور سینکڑوں دوسرے عملے کے دفاتر بھی ہیں جن تک مہمانوں کی رسائی ہو سکتی ہے۔
وائٹ ہاوس کے اس حصہ میں صدارتی معاونین، سٹاف اور دیگر اہلکاروں کے دفاتر بھی ہیں۔
سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں کو مشتبہ پاؤڈر اتوار کی رات وائٹ ہاوس کے ایک ایسے علاقے میں ملا جو وائٹ ہاوس آنے والے ٹور گروپس کے لیے قابل رسائی ہے۔
جس وقت مشتبہ مواد کا پیکٹ وائٹ ہاوس سے برآمد ہوا اس وقت صدر جو بائیڈن اور ان کا خاندان میری لینڈ کے کیمپ ڈیوڈ میں تھا۔
قانون نافذ کرنے والے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ یہ مواد وائٹ ہاؤس کے عملے اور مہمانوں کے موبائل فون رکھنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک الماری میں پایا گیا تھا۔
اس واقعہ کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کمپلیکس کو پاکستانی وقت کےمطابق صبح پونے چھ بجےکے قریب تقریباً مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔
بعد ازاں پہلی بار واشنگٹن پوسٹ نے اطلاع دی کہ یہ مواد کوکین تھا۔
حکام نےامریکی صحافیوں کو بتایا کہ خفیہ سروس اس بات کا مکمل جائزہ لے گی کہ یہ مواد وائٹ ہاؤس میں کیسے پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمروں اور داخلی دروازے کی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس علاقے تک کس کی رسائی تھی جہاں یہ پایا گیا تھا۔
یو ایس ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے مطابق، کوکین کنٹرولڈ سبسٹنس ایکٹ کے تحت شیڈول II کی ڈرگ ہے، یعنی اس کے غلط استعمال کی ڈرگ مانا جاتا ہے۔
ابتدا میں امریکی میڈیا میں یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ مشتبہ مواد وائٹ ہاوس کی لائبریری سے ملا ہے۔ بعض ٹیبلائیڈز نے اس طرح کی قیاس آرائیاں بھی کیں کہ مشتبہ مواد لائبریری میں اس جگہ سے برآمد ہوا جہاں دو دن پہلے صدر جو بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن بھی موجود رہےتھا۔
ان قیاس آرائیوں سے ایسا لگتا تھا کہ صدر بائیڈن مشکل میں پھنس سکتے ہیں تاہم بعد ازاں سیکرٹ سروس کی تحقیقات کے نتیجہ میں واضح ہو گیا کہ مشتبہ مواد کا چھوٹا پیکٹ لائبریری میں نہیں بلکہ ویسٹ ونگ میں پایا گیا تھا۔ اور جس وقت یہ واقعہ ہوا صدر بائیڈن اور ان کی فیملی کیمپ ڈیوڈ میں تھے۔
کیمپ ڈیوڈ سے واپس آنے کے بعد صدر بائیڈن نے وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے ساؤتھ کورٹ آڈیٹوریم میں خاتون اول کی موجودگی میں اورلینڈو کانفرنس سے ورچوئل خطاب کیا اس دوران ان سے وائٹ ہاوس سے کوکین کی برآمدگی کے متعلق سوال پوچھا گیا انہوں نے مگر وائٹ ہاؤس میں کوکین کی موجودگی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔