مون سون کی بارش سے لاہور ڈوب گیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

5 Jul, 2023 | 09:39 AM

سٹی 42:  مون سون کی بارش سے لاہور ڈوب گیا، گلی ، بازار چوک چوراہے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ،  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نکاسی آب کے لیے ہدایات جاری کردیں۔ 

مون سون بارش سے لاہور کی شاہراہیں گم

لاہور سمیت پنجاب کےدیگر شہروں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور کےنشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، سڑکیں ندی نالے بن گئے ہیں،  گلبرگ، مال روڈ،گلشن راوی ،لکشمی چوک  کے اطراف کےعلاقے ڈوب گئے، کوٹ لکھپت،فیروز پورروڈ،جوہرٹاؤن ،ڈیفنس،ماڈل ٹاؤن میں بارشی پانی جمع ہے، لاہور میں موسلادھار بارش نے شاہراہیں بھی گم کردیں۔

سب زیادہ بارش کہاں ہوئی؟ 

   لاہور میں  10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ  کی گئی ۔سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 234،نشترٹاؤن میں 220،تاج پورہ میں203،ملی میٹرریکارڈ کی گئی،گلشن راوی 100، قرطبہ چوک 94، جوہر ٹاؤن میں 90 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

 ذرائع کےمطابق گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین،فیصل آباد ، سرائے عالمگیر میں  طوفانی بارش ہوئی، جڑانوالہ ،پھالیہ، شیخوپورہ ، فیروزوالا میں موسلا دھار بارش برسی، بارش سے قصور، چھانگا مانگا میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا ہے، ڈسکہ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، مرید کے اور جلالپور بھٹیاں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔

لیسکو کے 110 فیڈرز ٹرپ 

 شہر میں  صبح سے  جاری  موسلادھار بارش سے  لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح  متاثر ہوا ہے جس سےلیسکو کے 110 فیڈرز ٹرپ کر نے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، بجلی کی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب شہر میں  موسلا دھار بارش  سے لائن سٹاف کو بحالی کا کام کرنے میں دشواری کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

شدید بارش کے باعث پنجاب کی اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پا نی جمع ہوگیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور ڈوبنے کا نوٹس لیتے ہوئے نکاسی آب کے لیے ہدایات جاری کردیں، صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے ، ریسکیو1122 اور واسا کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں نکلیں اورنکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں، نشیبی علاقوں اور شاہراہوں سے ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدربارش تھمتے ہی فیلڈ میں نکل آئیں

ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدربارش تھمتے ہی فیلڈ میں نکل آئیں،  کلمہ چوک انڈر پاس پر نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کی۔ وارث روڈ،مال روڈ ،کینال روڈ،قرطبہ چوک اورفیروزپورروڈ کا بھی دورہ کیا، ایم ڈی واسا نے نکاسی آب آپریشن کے متعلق بریفنگ دی واسا ایمرجنسی کیمپس پر نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا۔

بارش کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق  آج لاہور کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 31اور کم سے کم 22ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کی مقدار 96 فیصد ہے، جبکہ ہوا 24کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ 

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید بادل برسیں گے، ہفتے کے روز تک شہر میں مون سون  بارشوں  کاسلسلہ جاری رہے گا۔ 

مزیدخبریں