ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسنےسے موسم خوشگوار

5 Jul, 2022 | 09:39 AM

ویب ڈیسک:اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد موسم تو حسین ہو گیا لیکن کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

راولپنڈی میں طوفانی بارش کی وجہ سے  نالہ لئی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔پاک فوج کے دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے نالہ لئی پرپہنچ گئے، ریسکیو 1122 کا عملہ بھی گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی پر موجود ہے۔

واسا کا عملہ متحرک ہوگیا ہے، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہائو 12 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 9 فٹ ہے، شہر میں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی دن بھر وقفے وقفے سے بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔

اُدھرکوئٹہ کو طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے،  سریاب اور مشرقی بائی پاس کے علاقوں سمیت کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں، شہر کے مصروف ترین و کاروباری شاہراہیں سیوریج کے پانی سے دریا کا منظر پیش کرنے لگی، پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق سریاب روڈ کے قریب مکانات کی چھتیں گر گئیں جس سے دو خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، خضدار، کوہلو، صحبت پور، اوستا محمد میں بارش،، کوہلو اور قلات میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات ہیں۔

کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی، خلیج بنگال سے آنیوالا مون سون بارشوں کا سسٹم تاحال سندھ میں موجود، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔لاہورکے کئی علاقوں میں تیزبارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔بارش سے شہریوں کے چہرے کَھل اُٹھے۔

مزیدخبریں