( راؤ دلشاد حسین ) شہر میں بارہ مویشی منڈیاں لگانے کی تیاریاں جاری ہیں، نشتر زون کے زیرِ کنٹرول شہر کی سب سے بڑی منڈی ایل ڈی اے سٹی میں لگے گی جو 6 ہزار 3 سو کنال اراضی پر مشتمل ہوگی، جہاں سات لاکھ سے زائد جانوروں کی خرید وفروخت ہوسکے گی۔
عید الاضحٰی سے قبل شہر میں بارہ عارضی مویشی منڈیاں لگانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ مویشی منڈیاں شہری آبادی سے دس سے 45 کلو میٹر فاصلے پر لگیں گی، شہر کی بارہ مویشی منڈیوں میں 13 لاکھ 34 ہزار چھوٹے جانور جبکہ 3 لاکھ 15 ہزار بڑے جانوروں کی خریداری ہوسکے گی۔ نشتر زون کے کنٹرولڈ ایریاز میں تین عارضی مویشی منڈیاں لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ایل ڈی اے سٹی فیروزپور روڈ پر 6 ہزار 3 سو کنال اراضی پر مویشی منڈی لگے گی۔ ایل ڈی اےسٹی کی مویشی منڈی میں ایک لاکھ 41 ہزار بڑے جانور جبکہ 5 لاکھ 67 ہزار چھوٹے جانوروں کی گنجائش ہوگی۔ پائن ایونیو روڈ پر 700 کنال پرمویشی منڈی لگے گی۔یہاں 65ہزار چھوٹے جانورجبکہ 16ہزار بڑے جانوروں کی گنجائش ہوگی۔
فروٹ ویجیٹیبل مارکیٹ کاچھا میں 800 کنال پر مویشی لگے گی۔ فروٹ ویجیٹیبل منڈی سے ملحقہ اراضی کی مویشی منڈی میں 72 ہزار چھوٹے جانور جبکہ 18ہزار جانور لایا جاسکے گا۔
دوسری جانب شہر میں عارضی مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے چار رکنی کیٹل مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ میٹروپولیٹن آفیسرریگولیشن زبیر وٹو کنوینئر نامزد جبکہ کمیٹی 15 جولائی تک مویشی منڈیوں کےقیام کو یقینی بنائے گی۔ میٹروپولیٹن آفیسرفنانس یوسف سندھو، میٹروپولیٹن آفیسر انفراسٹرکچر انور جاوید اور چیف پبلک ریلیشنز آفیسر امین اکبر چوپڑا مویشی منڈی مینجمنٹ کمیٹی کےممبرز ہونگے۔
کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ہدایت پر کمیٹی تشکیل دی گئی۔ پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزمان نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مویشی منڈی مینجمنٹ کمیٹی ٹائم فریم کےاندرمویشی منڈیوں کے قیام کو یقینی بنائےگی۔
کمیٹی کی سفارشات پر زونل انچارج آفیسرزعمل درآمد کے پابند ہونگے۔ زونل آفیسر ریگولیشن سٹورز میں موجود کار آمد سازو سامان کی فہرست کمیٹی کو تحریری طور پر ارسال کرینگے۔ مینجمنٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تمام منڈیوں کے دورے کرنے کی پابند ہوگی۔