لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے مثبت نتائج،کورونا کیسز میں بڑی کمی

5 Jul, 2020 | 03:42 PM

M .SAJID .KHAN

(بسام سلطان)لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج سامنے آ گئے۔علاقے سیل ہونے سے کورونا کیسز میں نمایاں کمی ہوگئی ، 6 زونز میں 5840 سیمپل میں سے صرف 45 مثبت آئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے مثبت نتائج آنے لگے،علاقے سیل ہونے سے لاہور میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی،6 زونز میں 5840 سیمپل میں سے صرف 45 مثبت آئے،داتا گنج بخش ٹاؤن می‍ں 1640 میں سے 8 مثبت،شالیمار زون میں 763 میں سے 5 ،راوی ٹاؤن میں 730 میں 3،گلبرگ زون میں 2250 میں سے 27،کینٹ زون میں 207 میں سے کوئی مثبت نہ نکلا.لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھیلاؤ صرف 0.74٪ سامنے آیا،لاک ڈاؤن سے پہلے سمارٹ سیمپلنگ میں 5.39٪ پھیلاو سامنے آیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی، والڈ سٹی، ڈی ایچ اے میں سمارٹ لاک ڈاؤن کھول دیا گیا،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام  سیل شدہ علاقوں میں سیمپلنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، ہر علاقے سے ایک ہزار سیمپل اکٹھے کیے گئے ہیں، سیمپلنگ کے نتائج کے پیش نظر علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں   کورونا کے زیادہ کیسز والے مزید علاقوں کو  سیل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ محکمہ صحت کی تجاویز اور ضلعی انتظامیہ کی تجاویز کی روشنی میں کابینہ کمیٹی مزید علاقوں کو  سیل کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ دے گی۔

دوسری جانب کورونا کی روک تھام کے پیش نظر جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں 1600 انسپکشن کی گئیں، جہاں 267 مقامات پر خلاف ورزیاں سامنے آئیں ، جس پر 68 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

شہر کے مختلف تھانوں میں 145 گاڑیوں کو بند کروایا گیا جبکہ 46 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی تشکیل کردہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں ،جہاں کہیں خلاف ورزی پائی جائے کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں