(سٹی42) کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے شوبز سٹارز بھی گھروں میں محصور ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو کورونا سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے بارے آگاہ کر رہے ہیں، ایسے حالات میں پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور انہوں نے کچھ تصویریں بھی شیئر کیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے لاک ڈاؤن میں گزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے کچھ تصویریں شیئر کیں، مہوش حیات کو لاک ڈاؤن کے دوران ایئر پورٹس اور سفر کی یاد ستانے لگی ہے۔عالمگیر وبا نے دنیا کے 195 سے زائد ممالک کو متاثر کیا اور اس کی وجہ سے کل ہلاکتوں کی تعداد5 لاکھ 90 ہزار ہوچکی ہیں، دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں سمیت پاکستانی فنکار بھی اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور اپنے پُرانے دنوں کو یاد کرتے نظر آرہے ہیں۔
اداکارہ مہوش حیات نےاپنے ماضی کے قیمتی دنوں کو یاد کرتے ہوئے اپنا ایک خصوصی پیغام جاری کیا،مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر مہوش حیات نے اپنی دو تصاویر شیئر کیں جن میں وہ ایئر پورٹ پر موجود سورج کی دھوپ لیتی نظر آرہی ہیں،ان کا کہناتھاکہ ’میری بے چین آزاد روح اُن پُرانے دنوں کو بہت زیادہ یاد کر رہی ہے کہ جب ہم ایئرپورٹس جاتے تھے اور بنا کسی خوف کے سفر کرتے تھے۔‘
انہوں نے مداحوں سے بھی اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’جب دوبارہ پروازیں کھولیں گی اور سب کچھ پہلے کی طرح نارمل ہوجائے گا تو آپ کس جگہ جانے کا انتخاب کریں گے؟
اداکارہ کے اِس سوال کا جواب دیتے ہوئے اُن کے چاہنے والوں نے اپنی اپنی پسندیدہ جگہوں کے بارے میں بتایا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر کی ملک پروازیں تاحال بند ہیں مگر بیرون ممالک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں جاری ہیں۔