(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 11 ہزار 469 مریض اس وبا سے شفا یاب ہوگئے۔
ایک جانب قاتل کورونا وائرس کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب مریضوں کی صحتیابی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب اس وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 11 ہزار 469 مریض صحت یاب ہوگئے۔ اس طرح شفایاب کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 95 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں ایک روز میں کورونا وائرس سے 68 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22 ہزار 50 ٹیسٹ کئے گئے اور 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،اس طرح مجموعی مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 283 ہوگئی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 72 ہزار 825 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔
سب سے زیادہ مصدقہ مریض صوبہ سندھ میں ہیں جہاں ان کی تعداد 90 ہزار 721 ہے، پنجاب میں 80 ہزار 297 ، خیبرپختونخوا میں27 ہزار 506، بلوچستان 10 ہزار 717، اسلام آباد میں 13 ہزار 292، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 214 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 536 ہوگئی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔