لوئر مال (زاہد چودھری)عید الاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی منڈیاں شہر سے 2 کلومیٹر باہر کھلی جگہ پر لگیں گی، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، ماسک کے بغیر کوئی شخص داخل نہیں ہوسکے گا، سیکرٹری پرائمری اینڈ ہیلتھ کیئر نے ایس او پیز جاری کر دیئے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن( ر) محمد عثمان کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مویشی منڈیاں کھلی جگہ پر لگائی جائیں گی جہاں سماجی فاصلہ ممکن ہو سکے، مویشی باڑے، انتظامی دفاتر اور میڈیکل کیمپ کھلے اور ہوا دار ہوں گے،داخلی اور خارجی راستے الگ الگ ہوں گے اور محدود داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
ایس او پیز کے مطابق ایک گاڑی میں دو افراد سے زائد کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی، بچوں، بزرگوں اوربیمار افراد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مویشی منڈیوں میں داخلی راستوں پر قطار سسٹم ہوگا، گاہکوں کو مویشوں کے باڑے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، ماسک کے بغیر کوئی بھی شخص منڈی میں داخل نہیں ہوگا، مویشی منڈی میں لائیو سٹاک کی طرف سے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اور بیمار افراد کی اطلاع فوری طور پر 1033 پر دی جائے گی۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ جانوروں سے کورونا وائرس پھیلنے کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم بیمار جانوروں کو فورا الگ کر دیا جائے گا تاکہ کانگو وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے مطابق منڈی میں خریداری کیلئے آنے والے شہری ہلکے رنگ کے کپڑے پہن کر آئیں تاکہ جانوروں سے منتقل ہونے والی جوئیں فورا نظر آ سکیں، ایس او پیز کے تحت منڈیوں میں صرف بیوپاریوں کو کھانے کی سہولت فراہم کی جائے، پھیری والوں کو منڈی میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی آگاہی کے پیغامات جگہ جگہ نصب کیے جائیں، ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیوں کے داخلی راستے پرسینی ٹائزر ٹنل لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔