بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار، تاجر برادری متحد

5 Jul, 2019 | 07:50 PM

Arslan Sheikh

( شہزاد خان ) بجٹ میں ٹیکسز کی بوچھاڑ اور پیچیدہ طریقہ کار کیخلاف شہر کی تاجر برادری متحد ہوگئی، بجٹ مسترد کردیا، ایوان اقبال میں پاکستان ٹریڈرز الائنس کی تاجر بچاؤ کانفرنس میں پورے شہر کے ہزاروں تاجرامڈ آئے۔

ایوان اقبال میں پاکستان ٹریڈرز الائنس کے تاجر بچاؤ کنونشن میں ہزاروں تاجر شریک ہوئے۔ ایوان اقبال میں تل دھرنے کو جگہ نہ بچی۔ صدر لاہور ناصر حمید خان نے دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ تو کہتے تھے چوروں سے پیسہ نکلوائیں گے آپ تو تاجروں سے ہی دھونس اور دھمکیوں سے تاوان مانگنے لگ گئے۔

مرکزی صدر محمد علی میاں نے جوشیلے انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار نے بجٹ میں ٹیکسز کی بوچھاڑ اور شناختی کارڈ لیکر مال فروخت کرنے کی شرط لازم کرکے چلتے کاروبار خود ہی رکوا دیئے۔ صدر آل پاکستان خالد پرویز نے کہا کہ حکومت نے غیر منصفانہ ٹیکسز واپس نہ لئے تو لاہور سے کراچی تک غیر معینہ مدت کیلئے شٹرڈاؤن ہوگا۔

ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی، مشیر تجارت رزاق داؤد کی جانب سے تاجر تنظیموں کے سربراہان کو ہفتہ کے روز لاہور میں مذاکرات کی دعوت دیدی گئی۔ مذاکرات بے نتیجہ رہے تو تاجر تنظیمیں ہڑتال کا اعلان کردیں گی۔

مزیدخبریں