سٹی42: پرانی پلیٹوں کے کنٹریکٹ ختم ہونے کے باوجود فیس کی مد میں شہریوں سے35 کروڑ روپے بٹورلیے، یونیورسل پلیٹس کے فیصلے کے باوجود پرانی پلیٹوں کی فیس وصولی جاری، اگلے کنٹریکٹ میں سیف سٹی کی تجویزکردہ سائزمیں بڑی اورتبدیل شدہ پلیٹس جاری کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسل نمبرپلیٹس کی تبدیلی کا اصولی فیصلہ اورٹینڈر ہونے کے باوجودپرانی پلیٹس کی فیس وصولی کا عمل جاری ہے، چند روز قبل محکمہ ایکسائز نے یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجرا کے لیے پری کوالیفائی کرنے والی کمپنیوں سےریٹس لیے جس میں صرف ایک کمپنی نےکوالیفائی کیا لیکن اس کے باوجود تاحال کنٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب روزانہ کی بنیاد پرشہرسمیت پنجاب بھرمیں گاڑی کی پلیٹس کا1200 جبکہ موٹر سائیکل کی 750 روپیہ فی پلیٹ وصولی کا عمل جاری ہے، ایکسائز کومتعلقہ کمپنی نے کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد پلیٹس کی سپلائی بھی مکمل طور پر بند کر دی ہے لیکن اس کے باوجود شہریوں سےفیس وصول کی جارہی ہے۔
ایک ماہ قبل سیکرٹری ایکسائز کی طرف سےایک دن کے لیے فیس وصولی روکی گئی تھی لیکن اس کے اگلے روز ہی پنجاب بھر میں دوبارہ فیس وصول کی جانےلگی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں 450000 سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی 35 کروڑ سے زائد فیس تو وصول کی جا چکی ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ جس بھی کمپنی سےنئی یونیورسل پلیٹس کا کنٹریکٹ کیا جائےگا اسی کمپنی سے پہلے لاکھوں کی تعداد میں بند کی گئی پرانی نمبر پلیٹس تیار کرائی جائیں گی، اگر یہی پلیٹس دوبارہ بنوائی جانی ہیں تو پھر یونیورسل نمبر پلیٹس کے لیے تبدیلی سوالیہ نشان ہے۔