(سٹی 42) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کاغذات نامزدگی میں جھوٹ بولا، جبکہ شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ایپلٹ ٹربیونل تاحیات نااہل قرار دینے کا جواز نہیں رکھتا۔ جس پر لاہور ہائیکورٹ نے شاہد خاقان عباسی کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی عزت کرتے ہیں اور عدالتوں کے فیصلے کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں، آج حق کی فتح ہوئی ہے۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عدالت میں کہا ہے کہ ان کی اہلیہ شدید بیمار ہیں اور ان کے ٹھیک ہوتے ہی واپس آجائیں گے، نواز شریف الیکشن سے پہلے وطن واپس آجائیں گے اور 25 جولائی کو فیصلہ عوام کرے گی۔