ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی فری سولر پینل اسکیم میں رجسٹریشن کی آج آخری تاریخ ہے، اس اسکیم کے تحت 10 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ گھروں کو مفت سولر پینل ملیں گے۔
اسکیم کے تحت ایک ہی بجلی میٹر پر اوسطاً 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھروں کو سولر سسٹم فراہم کئے جائیں گے۔
اسکیم کے مطابق پنجاب میں 550 اور 1100 واٹس کے ایک لاکھ سولر پینل سسٹم دئیے جائیں گے، یہ سسٹم جون 2024ء میں 200 یونٹس تک کے صارفین کو بذریعہ قرعہ اندازی ملیں گے، کامیاب صارفین کے گھروں میں سولر پینل سسٹم باقاعدہ نصب کئے جائیں گے۔
سی ایم پنجاب سولر سسٹم کے حصول کے لئے رجسٹریشن گھر بیٹھے پورٹل سے کی جا سکتی ہے، بل کا حوالہ نمبر اور اپنا قومی شناختی کارڈ بھی 8800 پر ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے ، سولر پینل میں رجسٹریشن کے لئے سرکاری نمبر 990302024 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ سولر پینل کی فراہمی سے عوام کو بجلی کے بلوں میں خاطرخواہ ریلیف ملے گا، ہم پنجاب کو قابل تجدید انرجی کا ہب بنائیں گے، زرعی ٹیوب ویل بھی بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیک دینے اور ای بسیں آنے سے روایتی ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہوگا۔