ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے: صدر مملکت

 شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے: صدر مملکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: صدر مملکت آصف علی زرداری کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 97 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پیغام، صدر مملکت نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 97 ویں یوم پیدائش پر وژنری رہنما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کی تقدیر بدلی، بے آوازوں کی آواز بنے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بے مثال ذہانت، حوصلے اور کرشماتی شخصیت کے حامل سیاستدان تھے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں پہلا متفقہ طور پر منظور شدہ 1973 کا آئین دیا،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی، شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے، ہمارا ایٹمی پروگرام ہماری خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے چین اور دیگر کئی دوست ممالک کے ساتھ خارجہ تعلقات کو مضبوط کیا،شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی، شہید بھٹو نے روسی تعاون سے کراچی میں پاکستان اسٹیل ملز کا قیام عمل لایا، شہید بھٹو نے ہماری دفاعی صنعت کو ترقی دی جس سے ہماری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا، شہید بھٹو کی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے 1974 میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔

کانفرنس نے مسلم دنیا کے رہنماؤں کو امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور تعاون کو بڑھانے کے لیے اکٹھا کیا، شہید بھٹو کی کوششوں نے ترقی پذیر ممالک اور اسلامی دنیا میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو تقویت بخشی، شہید بھٹو نے پسماندہ افراد کو بااختیار بنانے اور معاشی تفاوت کو ختم کرنے پر بھی توجہ دی،شہید بھٹو کی زرعی اصلاحات اور مزدوروں اور کارکنوں کی ترقی کے لیے اقدامات نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل دیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو کے معاشی اقدامات، بڑے اداروں کی تشکیل اور تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی توسیع نے ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جیسے اداروں کا قیام اور فنی تعلیم پر توجہ علم تک سب کو رسائی دینے کے شہید بھٹو کے عزم سے ہی ممکن ہوئی،شہید ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کے داعی تھے، آمریت اور جبر کے خلاف ثابت قدم رہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے پھانسی کے پھندے کا سامنا کیا، اُن کی قربانی نے شہید بھٹو کو مزاحمت اور استقامت کی شمع کے طور پر امر کر دیا۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آئیے جمہوریت، مساوات اور سماجی و اقتصادی انصاف کے شہید بھٹو کے نظریات کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں،ترقی پسند، خودمختار، اور جامع پاکستان کا شہید بھٹو کا خواب آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے، ہمیں ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جہاں عوام کا راج ہو اور جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع میسر ہوں۔

آئیے ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے اور پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے مل کر کام کریں،جیئے بھٹو! پاکستان کھپے!۔