ویب ڈیسک:بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع کولہاپور میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب اسپیڈ بریکر کے جھٹکے سے ایمبولینس میں لیٹا مردہ شخص زندہ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 65 سالہ الپے نامی شخص کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا اور گھر میں صف ماتم بچھ گئی،لیکن اہلخانہ کا یہ غم عارضی تھا کیونکہ جب مردہ قرار دیے جانے والے الپے کی لاش کو ایمبولینس سے گھر لے جایا جارہا تھا تو ایمبولینس ایک اسپیڈ بریکر سے گزر کر تھوڑا سا اچھلی اور ان کے گھر والوں نے الپے کی انگلیوں میں حرکت دیکھی۔
الپے کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب ہم ہسپتال سے ان کی لاش کو گھر لا رہے تھے تو ایمبولینس ایک اسپیڈ بریکر سے گزری اور ہم نے دیکھا کہ ان کی انگلیاں حرکت کر رہی تھیں، یہ دیکھ کر ہم نے فوراً ایمبولینس کو ایک دوسرے ہسپتال لے جانے کا کہا ، جہاں وہ 2 ہفتوں تک زیر علاج رہے اور اس دوران ان کی انجیوپلاسٹی بھی کی گئی اور ابھی وہ بالکل صحتیاب ہیں۔
دوبارہ زندگی کی رونقیں دیکھنے والے الپے کا کہنا تھا کہ میں واک کے بعد گھر آیا تھا اور چائے پینے کے بعد بیٹھا ہوا تھا، مجھے چکر اور سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی، میں باتھ روم گیا اور الٹی کی، مجھے نہیں یاد کہ اس کے بعد کیا ہوا، کس نے مجھے ہسپتال پہنچایا۔