پنجابیوں کے لئے نائٹ سفاری تفریح کی خوشخبری

5 Jan, 2024 | 09:49 PM

This browser does not support the video element.

علی رامے: وزیراعلیٰ محسن نقوی  نے سفاری زو کے دورے کے دوران لاہور اور پنجاب کے شہریوں کو  نائٹ سفاری کے آغاز کی خوشخبری سنا دی۔ 

محسن نقوی نے  سفاری زو کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  پنجاب بھر کے روام کے لئے خوشخبری ہے کہ سفاری زو میں نائٹ سفاری شروع کرا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نائٹ سفاری میں لوگوں کو بین الاقوامی معیار اور پروٹوکولز کے مطابق تفریح فراہم کی جائے گی۔ نائٹ سفاری میں عوام کے لئے منفرد قسم کی انٹرٹیمنٹ ہوگی۔ نائٹ سفاری میں ایک ریسٹ ہاؤس بھی ہوگاجس میں فیملیز قیام کر سکتی ہیں۔ سفاری زو ریسٹ ہاؤس میں کمپنیزبھی تقریبات بھی منعقد کرسکیں گی۔

پانڈا بھی آئیں گے

  محسن نقوی  نے بتایا کہ 31جنوری تک سفاری زو اور لاہور زوپراجیکٹس مکمل ہوجائیں گے۔ لاہور سفاری زو میں 3ہاتھی اور 9زرافے بھی لارہے ہیں۔  چڑیاگھر میں جگہ کم ہے، سفاری زو میں 3ہاتھی لائے جائیں گے۔ نئے جانوروں کے حصول کے لئے ٹینڈرز جاری ہوچکے ہیں۔ چین سے پانڈامنگوانے کے لئے اعلیٰ سطح پرکاوشیں جاری ہیں۔
زو میں جیسے ہی جانوروں کی رہنے کی جگہ مکمل ہوگی تو جانوروں کو یہاں منگوا لیں گے۔  لاہور زو اور سفاری زو کے لئے 100قسم کے خوبصورت جانور لارہے ہیں۔ ایسے جانورلائے جارہے ہیں جو بچوں نے پہلے لاہور میں نہیں دیکھے۔

  محسن نقوی نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے وزراء روزانہ کی بنیاد پر 3سے 5گھنٹے ان پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پر یقین اور ٹیم کی محنت پر اعتماد ہے کہ پراجیکٹس 31جنوری تک مکمل ہوجائیں گے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں بچوں کیلئے تفریح کے مواقع بہت کم ہیں۔تفریح کے جو دو چار مقامات موجود تھے ان مقامات کی بری حالت کی وجہ سے لوگوں کی دلچسپی کم پڑ گئی تھی۔ 

تجاوزات کی واپسی کا مسئلہ

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ناجائز تجاوزات سمیت مختلف کریک ڈاؤن ہورہے ہیں لیکن لوگ ایک دو دن بعد پھر ویسے ہی شروع ہوجاتے ہیں۔ کریک ڈاؤن میں لوگ پکڑتے جاتے ہیں، جب چھوڑ دئیے جاتے تو وہی کام شروع کردیتے ہیں۔

پولیس میں بھرتیاں

محسن نقوی نے سوالات کے جواب میں بتایا کہ پولیس اہلکارو ں کی بھرتی کا پراسیس جلد مکمل ہوجائے گا۔ 

سردی کی شدید لہر، مزید چھٹیاں

محسن نقوی کا شدید سردی کی نئی لہر کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات آئیں تو  چھٹیاں بڑھا دی جائیں گی۔ فی الحال تعلیمی اداروں میں سردی کی چھٹیان 9جنوری تک ہیں۔

پروجیکٹس کی تکمیل پہلی ترجیح

  محسن نقوی  نے بتایا کہ راولپنڈی رنگ روڈپراجیکٹ کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ایس ایل تھری او رگوجرانوالہ ایکسپریس وے پراجیکٹ 31جنوری تک مکمل ہوجائے گا۔ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی 31جنوری تک مکمل ہوجائے گا کیونکہ پورا ہسپتال بندہے۔ 
پراجیکٹس کے مکمل ہونے کے بارے میں مختلف اداروں سے فیڈ بیک لیتے ہیں اور مسلسل مانیٹرنگ کرتے ہیں۔ وزراء، آفیسرز، آفیشلز سب مانیٹرنگ کررہے ہیں۔
جہاں پراجیکٹ میں لیٹ ہونے کاخدشہ ہووہاں ہماری ٹیم پہنچ جاتی ہیں۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات بہت زیادہ پراجیکٹس پر کام کررہاہے۔

مصنوعی بارش کی امکانات
مصنوعی بارش برسانے کی کوششوں کے متعلق محسن نقوی نے بتایا کہ مصنوعی بارش برسانے کی تیاری کر چکے ہیں۔ مناسب بادل آنے پر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی، فی الحال بادل نہیں ہیں۔ 
دھند پورے پنجاب میں چھائی ہوئی ہے، راولپنڈی میں دھند نہیں ہوتی تھی وہاں بھی دھند ہے۔ دھند کی وجہ سے فیصل آباد، سیالکوٹ اور لاہور ایئرپورٹ بند ہوجاتے ہیں۔  اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جلد بارش عطا کرے۔

زیر تعمیر سفاری زُو کا تفصیلی جائزہ

جمعہ کی شب نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زیر تعمیر سفاری زو کا دورہ کیا اور تمام تعمیراتی کاموں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔  وزیر اعلی محسن نقوی نے انفارمیشن سنٹر کی تعمیر کے منصوبے ،  شیروں و دیگر جانوروں کے پنجروں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے  پورے پارک کا راونڈ کیا۔

اس موقعع پر وزیر اعلی محسن نقوی نے سفاری زو پارک میں نائٹ سفاری شروع کرنے کا اعلان  بھی کیا۔ 

 سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری جنگلات نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء عامر میر،بلال افضل،سیکرٹری لائیوسٹاک،کمشنر،ڈی جی وائلڈ لائف، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں