ویب ڈیسک: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ میرے وزیر خزانہ بننے کے بعد 6 ماہ تک اسحاق ڈار نے میرے خلاف مہم چلائی۔
سوشل میڈیا پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کو خود وزیر خزانہ بننے کا بہت زیادہ شوق تھا ،وہ ٹی وی پر کہتے تھےکہ میں 160 کا ڈالرکردوں گا،میرے خلاف پروگرام کراتے تھے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نواز شریف کے قریب تھے،ان کا بیٹا نواز شریف کا داماد ہے،وہ نواز شریف سے کہتے تھے میں ڈالر اور پیٹرول سستا کردوں گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف میری کارکردگی سے خوش تھے، ہٹانا نہیں چاہتے تھے، مجھے ہٹانا وزیرِ اعظم کی صوابدید تھی مگر جس طریقے سے ہٹایا وہ درست نہیں تھا۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے لندن بلایا، 12 لوگوں کے سامنے وزارت سے نکالا، یہ سب عزت کے ساتھ نہیں ہوا، آئی ایم ایف سے ڈیل بھی بحال ہو گئی تھی اور ڈیفالٹ رسک بھی کم ہو گیا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ عمران خان ایک اچھا سیاستدان ہے، سیاسی بیانیہ بنانے میں کوئی سیاستدان ان تک نہیں پہنچ سکتا۔