شراب پر 30 فیصد ٹیکس، الکوحل پر لائسنس فیس کا خاتمہ

5 Jan, 2023 | 10:07 AM

ویب ڈیسک:دبئی میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے الکوحل پر عائد 30 فیصد ٹیکس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی لائسنس کے عوض شراب وصول کرنے کی فیس بھی ختم کر دی گئی ہے۔

واضح رہے دبئی میں کچھ عرصے سے کئی قوانین  کو نرم کیا جا رہا ہے،  دبئی نے پہلے ہی ماہ رمضان کے دوران دن کی اوقات میں الکوحل کی فروخت کی اجازت دے رکھی ہے جبکہ وبائی امراض کے دوران شراب کی ہوم ڈیلیوری کی سہولت کی منظوری بھی دے رکھی ہے۔

دبئی میں شراب فراہم کرنے والی دو کمپنیاں میری ٹائم اینڈ مرکنٹائل انٹرنیشنل اور افریکن اینڈ ایسٹرن نے حکومتی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وہ صارفین کے لیے قیمتیں کم کریں گی۔

تاہم ابھی یہ اقدام عارضی ہے اور ایک سال کے لیے ہی آزمائشی بنیادوں پر نافذ کیا گیا ہے۔واضح رہے دبئی ایک سیاحتی ملک ہے، جہاں غیر ملکیوں کی تعداد آبائی شہریوں سے نو گنا زیادہ ہے۔ دبئی کو خلیج کا ’پارٹی کیپیٹل‘ بھی کہا جاتا ہے اور رہائشی عام طور پر زیادہ مقدار میں شراب خریدنے کے لیے ام القوین اور امارات کے دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں۔

یاد رہے دبئی میں الکوحل خریدنے، گھر میں الکوحل پینے یا اسے ذخیرہ کرنے کے لیے غیر مسلم باشندوں کی عمر کم از کم 21 سال ہونی چاہیے اور ان کے پاس الکوحل کا لائسنس بھی ہونا چاہیے اور یہ لائسنس پولیس کی طرف سے جاری کردہ ہوتا ہے۔

مزیدخبریں