وفاقی حکومت کا جلد منی بجٹ لانے کا فیصلہ

5 Jan, 2023 | 09:41 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے جلد منی بجٹ لانے کا فیصلہ کیا، جس میں تاجروں اور دکانداروں پر اضافی ٹیکس لگائے جانے کا امکان ظاہر کردیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے منی بجٹ جلد ہی قومی اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا، منی بجٹ منظور ہوتے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں حائل تمام رکاوٹیں بھی دور ہوجائیں گی، جس بنیاد پر تشکیل دیا گیا ملکی معیشت کی بہتری کا منصوبہ دوست ممالک سے شئیر کرکے سپورٹ مانگی جائے گی، ان ممالک میں چین، یو اے ای، سعودی عرب، قطر، یورپی یونین اور امریکا شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے معیشت کی بحالی کے 10 سالہ جامع مجوزہ منصوبے کے مطابق ٹارگیٹڈ سبسڈی صرف کم آمدن والے طبقے کو دی جائے گی، اس منصوبے میں گیس اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی 70 سے 100 روپے فی لٹر کرنے، دکانداروں اور تاجروں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، صوبوں کو منتقل کیے جانے والے فنڈز گیس اور بجلی کے شعبے میں لائن لاسز سے منسلک کر دیے جائیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے گئے اس مجوزہ منصوبے کے تحت پیٹرول، بجلی اور گیس کی راشننگ کے ذریعے جاری کھاتوں کا خسارہ پورا کیا جائے گا، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کا تعین مارکیٹ کی بنیاد پر کرنے، ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری، مقامی اور غیر ملکی قرض کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز بھی اس منصوبے میں شامل ہے اور اس منصوبے پر عمل درآمد کیلئے قومی اسمبلی سے منی بجٹ منظور کرایا جائے گا۔

ادھر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے 2016 میں 35ارب ڈالر کا بندوبست کیا تھا، اب بھی امید ہے کہ آئندہ چند دنوں یا ہفتوں میں سعودی عرب ڈیپازٹ میں اضافہ کردے گا، ایل سیز کے عارضی مسائل کو جلد حل کرلیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کو بھی مکمل کریں گے، پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرےگا، دن رات کام کررہے ہیں اور ہم ڈیلیور کرکے دکھائیں گے، اس مقصد کے تحت معاشی استحکام کیلئے اقدامات جاری ہیں اور 30 جون 2023ء تک ہماری مالی پوزیشن پہلے سے بہتر ہوگی۔

مزیدخبریں