وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےقوم کوخوشخبری سنادی

5 Jan, 2023 | 08:47 AM

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین اور سعودی عرب سے بہت جلد اچھی خبریں آئیں گی۔

وفاقی وزرا کے ہمراہ ہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ وائٹ پیپر کو گمرہ کن قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی نے درحقیقت اقتصادی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے، پی ٹی آئی نے مخصوص، غلط اور بے بنیاد اقتصادی اشاریوں کے ذریعے پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، جو موازنہ کیا گیا ہے وہ اقتصادی حقائق کے برخلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اپریل 2022ء میں جب موجودہ حکومت بنی تو اس کو پی ٹی آئی کے چار سالہ بری اقتصادی انتظام و انصرام سے پیدا ہونے والی صورتحال کا سامنا تھا جس کے اثرات ہماری معیشت ابھی تک بھگت رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر میں عالمی کساد بازاری، بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، روس۔یوکرین جنگ اور پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کو بھی نظر انداز کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر کساد بازاری کا رجحان ہے،آئی ایم ایف نے 2021ء کیلئے اقتصادی ترقی کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا تھا جس پر نظرثانی کرکے اسے 2023ء میں 2.7 فیصد کر دیا گیا ہے، پاکستان بھی اس کے اثرات سے مستثنیٰ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) کے دور میں جی ڈی پی کے تناسب سے مالیاتی خسارہ کی شرح 5.2 فیصد تھی جو پی ٹی آئی کے دور میں 7.2 فیصد تک پہنچ گئی، پی ٹی آئی کے دور میں تجارتی خسارہ میں 31 فیصد (29 ارب ڈالر) کا اضافہ ہوا ہے، جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں تجارتی خسارہ میں 26 فیصد کمی ہوئی ہے۔اسی طرح حسابات جاریہ کے کھاتوں پر بھی اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں 57 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالہ سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو وعدے کئے تھے اسی کے مطابق پی ڈی ایم کی حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا گیا، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کو ٹریک پر لائی ہے

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اپنی تمام بیرونی ذمہ داریاں اور واجبات ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے، تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر ہو رہی ہیں، پی ٹی آئی نے سیاسی مقاصد کیلئے ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچایا تھا تاہم ہم نے دانشمندانہ انداز میں صورتحال کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی استحکام اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس میں تھوڑا بہت وقت لگے گا کیونکہ اس حوالہ سے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، افواہیں پھیلانی بند کی جائیں، جن کو زیادہ شوق ہے وہ اپنے سیاسی شوق کو پورا کرنے کے لئے اس طرح کی مہم میں ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں نواز شریف کے سامنے پی ٹی آئی کے لوگوں کی لائنیں لگی تھیں مگر ہم نے ملک کو بچانا تھا اور انشاء اللہ اسی میں ہم کامیاب ہو گئے۔

مزیدخبریں