(سٹی 42) مریم نواز نے تازہ ترین ٹویٹ میں کہا ہے کہ نواز شریف کا تختہ الٹنے اور انھیں انتخابی میدان سے باہر رکھنے کا جو کھیل کھیلا گیا اس کا ایک ایک مہرہ سامنے آ رہا ہے، سازشیوں کا یوم حساب قریب ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کمپنی کو نواز شریف کے خلاف مقدمات ڈھونڈنے کیلئے 2 کروڑ 87 لاکھ ڈالر ادا کئے گئے پھر بھی نا اہلی کیلئے اقامے اور سزا کیلئے جج ارشد ملک کا سہارا لینا پڑا۔آج الحمدللّٰہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس کی اصلیت بھی سامنے آ گئی۔نواز شریف کی صداقت و امانتداری کی گواہی قدرت دے رہی ہے۔
نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹنے اورانھیں انتخابی اور سیاسی میدان سے باہر رکھنے کے لیے جو مکروہ کھیل کھیلا گیا اور جو خطرناک سازش رچائی گئی اس کا ایک ایک مہرہ سامنے آ رہا ہے۔ خدائی دعوے کرنے والے بھول جاتے ہیں کہ کائنات کا نظام رب چلاتا ہے۔ سازشیوں کا یومِ حساب قریب ہے۔