(علی ساہی) آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ کے قیام اور پوسٹوں کے اجراء کیلئے سٹینڈنگ آرڈر جاری کردیا، پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ کا سربراہ ڈی آئی جی رینک کا آفیسر ہوگا۔
آئی جی پنجاب کے سٹینڈنگ آرڈر کے تحت ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا کو پنجاب پولیس انفارمیشن آفیسر کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا نے پنجاب پولیس انفارمیشن آفیسر کے فرائض ادا کرنا شروع کردیئے۔
سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق جن اضلاع میں محکمہ اطلاعات کے پی آر او تعینات نہیں، وہاں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، یونٹس سربراہان، آر پی اوز اور ضلعی پولیس افسران اپنے ضلع کیلئے ایک پی آر او اور اس کے متبادل کا نام پی پی آئی او کو منظوری کیلئے بھجوائیں گے۔
ضلعی پی آر او اے ایس آئی رینک جبکہ جنوبی پنجاب، تمام یونٹس اور ریجن کے پی آر اوز سب انسپکٹر رینک کے آفیسر ہوں گے، تمام پی آر اوز کو پیشہ وارانہ امور کیلئے آفس، درکار سٹاف اور ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے گی، تمام پی آر اوز اپنے اضلاع، ریجنز اور یونٹس کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ سے آپریشنلی کنٹرول ہوں گے۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پی پی آئی او کے تمام پالیسی فیصلوں اور اختیارات کے نگران ہوں گے، پی پی آئی او کی معاونت کیلئے جنرل ایگزیکٹو کیڈر سے گریڈ 18 یا17 کا آفیسر اسسٹنٹ پی پی آئی او کے فرائض سر انجام دے گا۔