(شہزاد خان) کوروناوائرس کے باعث شپنگ کمپنیوں کی آپریشنل سرگرمیاں متاثر، کرایوں میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا۔
کورونا کے عالمی و ملکی معیشت اور صنعت پر کاری وار جاری ہیں، کورونا کے باعث بین الاقوامی سطح پر شپنگ کمپنیوں کی آپریشنل سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جس کے باعث کرایوں میں تین گنا اضافہ ہوگیا ہے، چائنہ سے 40 فٹ کا کنٹینرز درآمد کرنے کا کرایہ 1200 ڈالر سے بڑھ کر 4500 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب سٹیل کی قیمتوں میں 50ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہوگیا، جس کے بعد سٹیل 1 لاکھ 30 ہزار روپے فی ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ سینئر نائب صدر لاہور چیمبر ناصر حمید خان کہتے ہیں کہ بین الاقوامی منڈیوں میں سٹیل کی طلب بے پناہ بڑھی ہے اور ملکی ضروریات پوری کیے بغیر سٹیل، ایلومینیئم، کاپر کی ایکسپورٹ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ملکی ضرورت پوری کی جائے پھر ایکسپورٹ کیا جائے ورنہ قیمتوں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ایک روز کمی کے بعد کورونا سے اموات میں پھر اضافہ ہوگیا ،وائرس کی نئی قسم بھی پاکستان آگئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا سے مزید 59 افراد انتقال کرگئے جب کہ 1900 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10409 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 90476 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 35707 ہے۔