(علی اکبر) پنجاب اسمبلی کی زیرتعمیر عمارت کے افتتاح کا معاملہ، چودھری پرویزالٰہی کی کاوشیں رنگ لانا شروع ہوگئیں، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح فروری کے دوسرے ہفتے میں وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی نئی عمارت کی تکمیل کے حوالے سے ذاتی کاوشیں رنگ لانا شروع ہوگئی ہیں، بالآخر سولہ سال کی تاخیر کے بعد پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت تکمیل کے قریب پہنچ گئی ہے، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے، عمارت کو مکمل کرنے اور افتتاح کی ایک اور تاریخ دے دی گئی ہے، سپیکر کی جانب سے عمارت کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دسمبر میں ختم ہوگئی تھی۔
چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے اب فروری میں ہر صورت کام مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، فروری کے دوسرے ہفتے میں وزیراعظم عمران خان نئی عمارت کا افتتاح کریں گے، اس حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم عمران خان سے افتتاح کروانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح پُروقار تقریب سے ہوگا جس میں قومی اسمبلی کے سپیکر سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو مدعو کیے جانے کا امکان ہے، افتتاحی تقریب کے بعد نئی عمارت میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے چیمبر شفٹ کر دیئے جائیں گئے جبکہ سیکرٹری اسمبلی اور وزراء کے دفاتر بھی نئی عمارت میں شفٹ ہوں گے۔