(عثمان علیم) پنجاب میں ہیلتھ سیکٹر کے سات بڑے منصوبے کورونا کے پیش نظر ترجیحات میں شامل کر لیے گئے، وفاق اور پنجاب مل کر پنجاب میں 50 ارب سے زائد لاگت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شروع کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہیلتھ پراجیکٹس ترجیحات میں شامل کر لیے ہیں، وفاق اور پنجاب کے تعاون سے ہیلتھ سیکٹر کے سات بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے، پنجاب حکومت نے 50 ارب 32 کروڑ 50 لاکھ لاگت کے منصوبے منظور کر کے سمری حتمی منظوری کے لئے وفاق کو بھجوا دی ہے، 50 ارب سے زائد لاگت کے منصوبوں کیلئے 30 ارب 56 کروڑ 20 لاکھ وفاق ادا کرے گا، لاہور سمیت صوبہ بھر میں کورونا اور اس جیسی تیزی سے پھیلنے والی بیماریوں کو روکنے کے لئے 9 ارب 90 کروڑ کی لاگت سے پروگرام شروع کیا جائے گا۔
انٹگریٹڈ ڈیزیز کنٹرول پروگرام کے لئے درکار 9 ارب 90 کروڑ میں سے چار ارب 95 کروڑ وفاق ادا کرے گا، ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں چکوال کو 9 ارب 90 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، 200 بستروں کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک 5 ارب 87 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال راجن پور کی تعمیر پر آٹھ ارب پانچ کروڑ 50 لاکھ لاگت آئے گی۔
200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال لیہ کی تعمیر پر 5 ارب 80 کروڑ اخراجات آئیں گے جبکہ 250 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال سیالکوٹ کی تعمیر پر پانچ ارب لاگت آئے گی، منصوبوں کے لیے درکار تمام فنڈز وفاق ادا کرے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام میگا پراجیکٹس کو خصوصی فنڈنگ کر کے جلد مکمل کیا جائے گا۔