پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام نے آر پار کردیا : ڈاکٹر فردوس اعوان

5 Jan, 2021 | 12:11 PM

Azhar Thiraj

قیصر کھوکھر : وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام نے آر پار کردیا ہے ،تاریخ پے تاریخ دینے والوں کااپنا مستقبل تاریک ہے۔


ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن استعفے دینے کے معاملے پر ڈر چکی ہے اورجوڈر گیاوہ مرگیا، انہیں علم ہے کہ استعفے دیئے تو خالی نشستوں پر الیکشن ہوں گے،شہزادہ اورراجکماری کبھی بھی مولانا کے کہنے پر اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی نہیں ماریں گے، پی ڈی ایم کے پاس اب بیچنے کیلئے کوئی منجن باقی نہیں ، اس ٹولے کی حالت قابل رحم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندگلی میں پھنسی ہوئی اپوزیشن کو اب فیس سیونگ بھی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ  کورونا میں عوام کو تنہا چھوڑنے والے اب خود مارے مارے پھر رہے ہیں، پاکستان سمیت دیگرممالک میں کورونا کی دوسری لہر کے باعث صورتحال تشویشنا ک ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعدادایک لاکھ41ہزار393 ہوچکی ہے،24گھنٹے میں کورونا کے679نئے کیس سامنے آئے ہیں ،کورونا سے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران36افراد جاں بحق ہوئے،پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد4160 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ انتشارکی سیاست کو عوام نے یکسر رد کر دیا ہے،ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنیوالے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں،یہاں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی، اپوزیشن میں استعفے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت ہے نہ حوصلہ،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے،منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔


یاد رہے اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کو 31 جنوری تک مستعفی ہونے کی مہلت دی ہے،مہلت گزرنے کے بعد اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں