سٹی 42 : اسپیکر پنجاب اسمبلی چود ھری پرویز الٰہی حکومت کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔
گورنر پنجاب چود ھری سرور سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چود ھری پرویز الہی نے ملاقات کی جس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نےکہا کہ عمران خان گھر آگئے تھے، اب کوئی تحفظات نہیں، تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ حکومت کے اتحادی ہیں، انشاءاللہ حکومت مدت پوری کرے گا جب کہ مذاکرات وفاق کی سطح پر ہوں گے، اپوزیشن کے حوالے سے وزرا کے مثبت بیان سامنے آئے ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چود ھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کوئی دما دم مست قلندر نہیں، جمہوریت میں گرما گرمی اور جلسے جلوس چلتے رہتے ہیں، اپوزیشن ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن بھی لڑ رہی ہے ،اپوزیشن عوامی ایشوز پر مذاکرات کی میز پر بیٹھے،غیر جمہوری راستہ نہ اختیار کرے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ انتشارکی سیاست کو عوام نے یکسر رد کر دیا ہے،ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنیوالے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں،یہاں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی، اپوزیشن میں استعفے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت ہے نہ حوصلہ،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے،منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔
یاد رہے اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کو 31 جنوری تک مستعفی ہونے کی مہلت دی ہے،مہلت گزرنے کے بعد اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔