(ملک اشرف) ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے خلاف درخواست پر سماعت، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر پاکستان میڈیکل کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس عاطر محمود نے فیصل مسعود اور دیگر سٹوڈنٹس کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں پاکستان میڈیکل کمیشن اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزاروں کی طرف سے ہارون دوگل ایڈووکیٹ پیش ہوئے، عدالت میں پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ کی سیکشن 8 کی ذیلی دفعہ کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نئے ایکٹ کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ ہوا جس میں آؤٹ آف کورس سوالات دیئے گئے، جس سلیبس کے تحت ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا اس کے برعکس انٹری ٹیسٹ کا سلیبس دیا گیا، آؤٹ آف کورس ہونے کے باعث وہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے۔
درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پاکستان میڈیکل کمیشن 2020 کے سیکشن 8 اور سیکشن 13 کو آئین سے متصادم قرار دے، مزید استدعا کی گئی کہ عدالت ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی ری چیکنگ کا حکم دے۔