( راؤ دلشاد ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث اتوار بازاروں میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے اتوار بازاروں میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا کردیا۔ شادمان اتوار بازار میں اشیا کے بھاؤ درجہ اول جبکہ معیار درجہ سوئم سے بھی کم تر نظر آیا۔ شہریوں نے اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ قیمتیں درجہ اول کی وصول کی جارہی ہیں جبکہ اشیاء غیرمعیاری فروخت کی جارہی ہیں لیکن کوئی پوچھنے کو تیار نہیں کیونکہ بیوپاری اور ضلعی انتظامیہ کی ساز باز سے سب کچھ ہورہا ہے۔
شہریوں نے مزید کہا کہ شادمان اتوار بازار میں چار بجے کے بعد اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا مصنوعی مہنگائی کرنیوالے مافیا کو لگام نہ ڈالی گئی تو مہنگائی کم نہیں ہوگی۔