(حافظ شہباز علی) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کاکا اور لوئیس فیگو نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا، برازیل کے کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو 10 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے جس کے بعد وہ کراچی اور لاہور میں مداحوں سے ملیں گے اور ورلڈسوکر سٹارز کے افتتاح کا اعلان کریں گے۔
ورلڈ سوکر سٹارز کے دو میچز 26 اور 29 اپریل کو کراچی اور لاہور میں ہوں گے جس میں فیگو اور کاکا کے علاوہ دیگر سپراسٹار فٹبالرز بھی ایکشن میں ہوں گے۔ کاکا اور فیگو نے پاکستانی مداحوں کے نام ویڈیو پیغامات بھی بھیجے ہیں۔
کاکا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آنے کے لیے کافی خوش ہیں وہ یہاں آکر فٹبال کا نیا ٹیلنٹ بھی تلاش کریں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک میں فٹ بال کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں، میں کبھی پاکستان نہیں گیا لہٰذا میں بہت زیادہ پرجوش ہوں۔ جبکہ فیگو کا کہنا ہے کہ وہ پہلی بار پاکستان آئیں گے، امید ہے کہ 22 کروڑ والی آبادی والے ملک میں فٹبال کا اچھا ٹیلنٹ ملے گا۔
کھلاڑیوں کو پاکستان بلانے والے ادارے ٹچ اسکائی گروپ کے سی ای او کنور احمر کا کہنا ہے کہ دورے سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج جائے گا۔