عیسیٰ ترین: بلوچستان کی تحصیل حب میں پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپ پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جس میں تین بچے زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد پولیس نے کیمپ کو گھیرے میں لیکر مزید تحقیقات شروع کردی. زخمی بچوں کو جام غلام قادر اہسپتال منتقل کر دیا گیا، ایک بچہ شدید زخمی ہوا ہے جس کو کراچی ریفرنس کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بھی نامعلوم افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیا۔
پولیس حکام کے مطابق پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ بم دفتر سے باہر پھٹا۔
حکام کے مطابق سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
یہ حملہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار نور احمد بنگلزئی کے الیکشن کیمپ کے قریب ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے پنجگور میں بی این پی عوامی کے مرکزی صدر کے گھر ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ حلقہ پی بی 29 پنجگور میں امیداوار اسداللہ بلوچ کے گھر پر کیا گیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔