سٹی42: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی سرزمین پر بھارت ہمارے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔بھارت کی دوسرے ممالک میں دہشتگردی عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی، سیکیورٹی بحران خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔پاک فوج خطرات سے آگاہ ہےاور موثر جواب کے لیے مکمل تیار ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے یہ باتیں یوم یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دورہ کے دوران کہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے نگراں وزیراعظم انوار الحق تارڑ کے ساتھ پیر کے روز آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں جموں و کشمیر یادگار پر حاضری دی۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایل او سی کا دورہ کیا اور وہاں سخت موسم میں ارضِ وطن کی حفاظت کے لئے مستعد فوجی دستوں کے جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم ستم کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا غیر متزلزل عزم اور جدو جہد مثالی ہے۔ نگراں وزیر اعظم اور آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور سیکیورٹی بحران خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
آرمی چیف نے پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی نشاندہی کی اور کہا کہ پاکستانی سرزمین پر بھارت ہمارے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔بھارت کی دوسرے ممالک میں دہشتگردی عالمی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دوسرے ملکوں میں بھارتی ریاستی دہشتگردی معمول بن چکی ہے۔پاک فوج خطرات سے آگاہ ہےاور موثر جواب کے لیے مکمل تیار ہے،