عطا تارڑ اور میاں مصباح الرحمان کو آج الیکشن کمیشن کے سامنے پیشی کا حکم 

5 Feb, 2024 | 06:49 AM

سٹی42:  لاہور میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے قومی اسمبلی کے حلقہ این-اے127 اور  صوبائی سمبلی کے حلقہ پی پی-160 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی اور ووٹوں کی خریداری کے الزامات پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عطااللہ تارڑ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار میاں مصباح الرحمان کو  آج 5 فروری کو پیش ہونے کےنوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

لاہور میں صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر  صوبائی الیکشن کمشنر  پنجاب کے احکامات پر لاہور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے این اے-127 لاہور عطا اللہ تارڑ  کو اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے پی پی- 160 میاں مصباح الرحمن کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین مبینہ ووٹوں کی خرید وفروخت کے الزامات اور  پیپلز پارٹی کےانتخابی دفتر پر حملے کے تناظر میں نوٹسزجاری کئے گئے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے دونوں امیدواروں کو 5فروری کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ کی شکایت لے کر پیپلز پارٹی کے سینئیر لیڈر سینیٹر تاج حید ر نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے فوری کارروائی کی درخواست کی تھی جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی الیکشن کمشنر سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ 

مزیدخبریں