ویب ڈیسک: رافعہ حیدر لاہور کی تاریخ کی دوسری خاتون ڈپٹی کمشنر تعینات ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق رافعہ حیدر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے چالیسویں کامن کی افسر ہیں،انہوں نے پبلک پالیسی میں جرمنی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد مقابلے کاامتحان پاس کیا۔ رافعہ حیدر کا شمار انتہائی قابل، محنتی اور ایماندار افسران میں ہوتا ہے۔
اس سے قبل رافعہ حیدراسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد ، ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی تعینات رہی ہیں، اس کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری پرائمری ہیلتھ، ڈائریکٹر سی ڈی سی ہیلتھ، سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تعینات رہیں ہیں۔
رافعہ حیدر ڈپٹی کمشنر لاہور تعیناتی سے قبل اسلام آباد میں ڈی جی سوک مینجمنٹ سی ڈی اے تعینات تھیں۔رافعہ حیدر کو لاہور کی سب سے کامیاب سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا اعزاز حاصل ہے۔
ترک کمپنی کے جانے کے بعد لاہور میں کوڑے کا شدید مسئلہ رافعہ حیدر نے حل کیا تھا۔عید الاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں رافعہ حیدر کی سربراہی میں لاہور نے پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن لی تھی۔
واضح رہے کہ رافعہ حیدر گزشتہ سالوں میں کارکردگی کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان سے متعدد بار تعریفی اسناد لے چکی ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کو لاہور سے نکال پر پنجاب بھر میں پھیلانے کا کام رافعہ حیدر نے کیا، انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی آپریشن میں ٹیموں کے ملازمین کی تعداد صرف 18 سے بڑھا 2100 تک پہنچائی تھی۔
رافعہ حیدر نے کورونا وائرس کی وباء میں بطور ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ جدید لیبارٹریوں کا نیٹ ورک بنایا، کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کی تعداد صفر سے بڑھا 18 تک پہنچائی تھی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی تاریخ کی پہلی ویسٹ مینجمنٹ سائٹ بھی رافعہ حیدر نے پلان کی تھی۔